ایران اور آئی اے ای اے کا مشترکہ بیان، تکنیکی تعاون میں اضافہ ہوگا
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے اور آئی اے ای اے کے سربراہوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی اور جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے مشترکہ بیان میں مختلف ایٹمی شعبوں میں ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تکنیکی تعاون کی توسیع پر زور دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے تعمیری ماحول میں تکنیکی سطح پر تعاون کے جذبے اور باہمی اعتماد اور اس عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ مسائل کا جائزہ لئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دو طرفہ تعاون و مفاہمت کے دائرے میں فریقین نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مختلف سطحوں پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
فریقین کے مشترکہ بیان کے مطابق ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی اور آئی اے ای اے کے سربراہ ایجنسی کے جنرل اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے اور گروسی بھی مستقبل قریب میں پھر سے ایران کا دورہ کریں گے۔