Sep ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • سینیئر صحافی سید ساجد رضوی مرحوم کی تدفین آج

سحراردو ٹی وی کے روح رواں ، مخلص و سینیئر اینکر و صحافی سید ساجد حسین رضوی کی آج شام ایران کے مقدس شہر قم میں تدفین عمل میں لائی جائے گی ۔

مرحوم سید ساجد حسین رضوی کے اہل خانہ کے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق انکے جسد خاکی کو بعدِ نماز و تشییع قم کے بہشت معصومہ نامی قبرستان میں آج شام سپرد لحد کر دیا جائے گا۔

ریڈیو زاہدان اور تہران کے سابق ڈائریکٹر اور سحر ٹی وی کے سینیئر اور معروف اینکر سید ساجد حسین رضوی کچھ عرصے سے علیل تھے اور پیر کی صبح قم المقدسہ کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے-

ساجد رضوی اسلامی انقلاب کے سچے نقیب تھے اور انہوں نے اپنی عمر اسلامی تعلیمات اور اسلامی انقلاب کی اقدار کی ترویج اور عاشقان انقلاب کو انقلابی اقدار سے متعارف کرانے میں بسر کی۔

سید ساجد حسین مرحوم کربلائے معلیٰ سے اسپیشل ٹرانسمیشن میں

سید ساجد حسین رضوی گزشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ایران کے اردو ریڈیو اور اس کے بعد سحر اردو ٹی وی کے لئے خدمات انجام دیتے رہے اور انہوں نے اس دوران ریڈیو تہران اور سحر اردو ٹی وی کی نشریات کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اردو زبان ذرائع ابلاغ سے جڑے سید ساجد حسین اپنی منفرد آواز، لب و لہجے اور اخلاقی و انسانی خصوصیات کے لئے حلقہ سامعین و ناظرین کے علاوہ اپنے حلقہ احباب میں خاصی محبوبیت کے حامل تھے اور سبھی انہیں ایک ملنسار، مہربان، ہمدرد، سچے اور ہنس مکھ چہرے کے طور پر پہچانتے تھے۔

ٹیگس