Sep ۲۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۱۹ Asia/Tehran
  •  ساجد رضوی کا سفر آخرت

سینیئر صحافی اور سحر اردو ٹی وی کے معروف اینکر ساجد حسین رضوی بہشت معصومہ قم میں سپرد خاک کردیئے گئے ۔

قم سے موصولہ خبروں کے مطابق طبی ہدایات اور کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ  ساجد حسین رضوی کے جنازے اور تدفین میں کافی لوگوں نے شرکت کی۔

ایران کے وقت کے مطابق شام تقریبا ساڑھے پانچ بجے اشک بار آنکھوں کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ ساجد حسین رضوی کے جنازے اور تدفین میں ان کے اہل خاندان اور اعزہ کے علاوہ ان کے رفقائے کار نے بھی شرکت کی۔

ساجد حسین رضوی کا سنیچر بیس ستمبر کو قم کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ان کے انتقال کی خبر نے پورے سحر عالمی نیٹ ورک کو سوگوار کردیا۔ معروف اینکر اور سحر اردو ٹی وی کے روح رواں سید ساجد حسین رضوی تیس برس سے زائد عرصے تک ریڈیو اور ٹی وی کی صحافت سے وابستہ رہے۔

سحر اردو ٹی وی سے منسلک ہونے سے پہلے وہ ریڈیو زاہدان اور ریڈیو تہران کی اردو سروس کے ڈائریکٹر رہ چکے تھے۔ ساجد حسین رضوی اسلامی انقلاب کے سچے نقیب تھے اور انہوں نے اپنی عمر اسلامی تعلیمات اور اسلامی انقلاب کی اقدار کی ترویج اور عاشقان انقلاب کو انقلابی اقدار سے متعارف کرانے میں بسر کی۔ انہیں عاشورائے حسینی اور اربعین کے موقع پر نجف،اربعین مارچ اور کربلائے معلی سے مسلسل کئی برس تک رپورٹنگ کی سعادت بھی حاصل ہوئی ۔سحر اردو ٹی وی ایک ماہر اینکر اور صحافی سے اور سحر عالمی نیٹ ورک کی ٹیم اپنے سچے، مخلص اور قابل فخر رفیق کار سے محروم ہوگئی ۔

 

ٹیگس