امریکی پابندیاں ظالمانہ اور غیر انسانی ہیں: وزیر خارجہ ایران
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے سربراہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تہران کے خلاف واشنگٹن کی ظالمانہ پابندیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس قسم کے امریکی اقدامات کو غیر انسانی قرار دیا ہے۔
پیٹر ماؤرر کے ساتھ ملاقات میں ایرانی وزیر حارجہ نے تہران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں پر انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی پر سخت تنقید کی اور ان پابندیوں کو غیر انسانی نیز دہشت گردانہ قرار دیا.
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف عائد ان پابندیوں کا پوری عالمی برادری کی جانب سے مقابلہ کئے جانے کی ضرورت رہی ہے۔
انھوں نے افغانستان کی حساس صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس ملک میں ایران کی مسلسل امن پسندانہ سرگرمیوں اور اس ملک کے عوام اور افغان پناہ گزینوں کے لئے ایران کی امداد کا بھی ذکر کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کے دور میں ایران کے خلاف شدید ترین دباؤ کے باوجود تہران نے حتی الامکان ہر طرح کے امدادی اقدامات عمل میں لانے کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں کورونا ویکسینیشن کی اشد ضرورت ہے تاہم اس سلسلے میں عالمی سطح پر فوری اور بھرپور پیمانے پر تعاون و امداد کو یقینی بنایا جانا بھی ضروری ہے۔
اس ملاقات میں عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے سربراہ نے بھی اس کمیٹی کے ساتھ قریبی تعاون اور افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کے سلسلے میں ایران کی قدردانی کی۔