Sep ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران میں رہائش پذیر چار لاکھ غیر ملکیوں کا کورونا ویکسینیشن

ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران ایران میں مقیم چار لاکھ غیر ملکی شہریوں کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے ہیں۔

ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کے سربراہ کریم ہمتی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں عام شہریوں کی مانند غیر ملکیوں کو بھی کورونا کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں اور رہائشی پرمٹ کے حامل اب تک چار لاکھ سے زائد غیر ملکی شہریوں کو کورونا کے ڈوز دیئے جا چکے ہیں۔

انھوں  نے کہا کہ ایران میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کے ویکسینیشن کے لئے ایک عارضی کارڈ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ کریم ہمتی نے کہا کہ ہر ہفتے کورونا کے پچاس لاکھ ڈوز ایران درآمد کئے جا رہے ہیں اور آئندہ دو ماہ کے اندر مزید چھے کروڑ کورونا کے ڈوز درآمد کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایران میں اب تک تین کروڑ، چالیس لاکھ، سات ہزار تین سو اسّی افراد کو کورونا کا پہلا ڈوز اور پندرہ لاکھ، ترانوے ہزار، دو سو بانوے افراد کو کورونا کے دونوں ڈوز دیئے جا چکے ہیں۔

ٹیگس