Sep ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • کربلا کی حسرت دلوں میں لئے لاکھوں تہرانیوں نے اربعین مارچ میں حصہ لیا+ ویڈیو

سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کے چہلم کے موقع پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے اور ہر طرف مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

اربعین حسینی کے موقع پر جہاں ایران اسلامی سراپا سوگوار و نوحہ کناں ہے وہیں نجف سے کربلا کے درمیان اربعین مارچ میں شرکت سے محروم رہ جانے والے لاکھوں لوگ تہران میں ہوئے اربعین مارچ میں شریک ہوئے اور سید الشہدا حضرت امام حسین اور آپ کے اصحاب با وفا کا غم منایا۔

تہران میں اربعین مارچ کا آغاز شہر کے قلب میں واقع امام حسین (علیہ السلام) اسکوائر سے ہوا۔ مارچ کے شرکا سترہ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے نواحی تہران میں واقع شہر رے پہنچے اور بارگاہ حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام میں حاضری دے کر انہیں شہیدان کربلا کا پرسہ دیا۔

تہران میں ہرسال عوامی سطح پر مختلف علاقوں سے جلوسہائے عزا برآمد ہوتے ہیں اور اربعین مارچ کی طرح پیدل مسافت طے کر کے فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام، آپؑ کی ہمشیرہ کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ علیہا سلام، اور سبط اکبر امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے فرزند حضرت عبد العظیم حسنی کی بارگاہوں میں پہنچتے ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، دارالحکومت تہران میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان حسینی جن میں، بچے، عورتیں ، بوڑھے، اور جوان سبھی شامل تھے، علم اور دوسرے تبرکات کے ساتھ، نواحی تہران جانے والے راستے پر اس مارچ میں شرکت کی۔

قابل ذکر ہے کہ آج ایران میں بیس صفر ہے اور ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم نہایت ہی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش ولولے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ٹیگس