Oct ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • وینزوئیلا کے وزیر خارجہ کی صدر ایران سید  ابراہیم رئیسی سے ملاقات

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے وینزوئیلا کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاطینی امریکہ خاصطور سے وینزوئیلا نیز ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔

صدر مملکت نے پیر کے روز تہران میں وینزوئیلا کے وزیر خارجہ فلیکس گونسالس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی اقتصادی سفارتکاری میں لاطینی امریکہ اور خاص طور سے وینزوئیلا کو فوقیت حاصل ہے اور ہم لاطینی امریکہ کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے مختلف شعبوں میں تہران اور کاراکاس کے تعلقات کی توسیع کی ضرورت پربھی زور دیا۔ سید ابراہیم رئیسی نے بین الاقوامی اداروں میں وینزوئیلا کی جانب سے ایران کی ہمراہی کئے جانے کی قدردانی کی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدت تعاون کے منصوبے کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات کی توسیع کے مستقبل کو اور زیادہ درخشاں بنایا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وینزوئیلا کے صدر کے عنقریب دورہ تہران میں دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدت تعاون کے لئے نئے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

اس ملاقات میں وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے بھی کہا کہ ایران اور وینزوئیلا، تسلط پسندانہ نظام اور ان کی آزادی کو نقصان پہنچانے والوں کے مقابلے میں متحد ہیں۔

ٹیگس