Oct ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • یورپی ممالک امریکا سے ہٹ کر آزاد پالیسی اپنائیں: صدر ایران

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے یورپی ملکوں سے کہا ہے کہ وہ امریکی پالیسیوں کی پیروی ترک کرکے آزادانہ رویہ اختیار کریں۔

صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کے روز تہران میں بیلجیئم کے نئے سفیر سے سفارتی دستاویزات وصول کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کے ماضی کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران، بلجیئم اور یورپ کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کی توسیع کا خواہاں ہے تاہم اس بات کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ اغیار ان تعلقات و تعاون پر اثرانداز ہوں-

انہوں نے کہا یورپی ممالک خود آزادی عمل کا مظاہرہ کریں اور اس طرح سے عمل نہ کریں کہ امریکا یورپ کو اپنا زیر اثر علاقہ سمجھنے لگے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ، دنیا میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے اور تمام ممالک پر اپنے ظالمانہ عزائم مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم دیگر ممالک کو اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہئے کہ امریکی، دنیا کے مختلف ملکوں میں اپنی من مانی اور اپنی مرضی چلائیں۔

اس موقع پر ایران میں بلجیئم کے نئے سفیر جیانمار کوریٹزو نے بھی دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کے ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ سے تہران اور برسلز کے درمیان تعلقات کو ماضی سے کہیں زیادہ تقویت حاصل ہو گی۔

واضح رہے کہ فنلینڈ اور سوئزر لینڈ کے نئے سفیروں نے بھی آج صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کرکے انہیں اسناد سفارت پیش کیں۔

ٹیگس