ایران کی طاقت کے سامنے امریکہ جھک گیا
ایران کے جوانوں نے ذوالفقار 1400 فوجی مشقوں کے دوران امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ذوالفقار 1400 فوجی مشقوں کے موقع پر ایران نے ایک مرتبہ پھر امریکہ کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے امریکہ کے جاسوس ڈرونز کو پیچھے دھکیل دیا۔
امریکہ کے جاسوسی کے ڈرونز MQ-9 اور RQ4 نے ایران کی جانب سے ذوالفقار 1400 فوجی مشقوں کی خفیہ رپورٹنگ کرنے کی کوشش کی جسے ایران کے ایر ڈیفنس فورس ( Iran Air Defense Force) نے کافی دور سے ان کی نگرانی کی اور انھیں وارننگ دی جس کے بعد امریکی ڈرونز واپس جانے پر مجبور ہوئے۔
ذوالفقار 1400 فوجی مشقوں کے ترجمان کموڈور سید محمد موسوی نےایک بار پھر ایران کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ خطے کے ملکوں کے درمیان علمی و سائنسی تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ملکوں کے لیے ایران کی فوجی مشقوں کا پیغام یہ ہے کہ تہران علاقائی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے امن اور دوستی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
کموڈور موسوی نے کہا کہ تاریخ سے ثابت ہوچکا ہے کہ خطے سے باہر کی قوتوں نے ہمیشہ جنگ پسندی کا مظاہرہ کیا ہے جسکا نتیجہ مغربی ایشا میں بدامنی، جنگ اور غاصبانہ قبضے کی شکل میں برآمد ہوا ہے۔ ذوالفقار فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ فوجی مشقوں کے تمام مراحل کے نتائج کا حضرت خاتم الانبیا (ص) ہیڈکوارٹر اور بری فوج کے ماہرین، بغور جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ مکران کے ساحلوں کے قریب، ذوالفقار 1400 فوجی مشقیں یا رسول اللہ کے مقدس کوڈ سے شروع ہوا جس میں ایران کی مسلح افواج کے انفنٹری، آٹلری، اور انجینئرنگ کور کے علاوہ، اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ، بحریہ کے مختلف فلوٹس، فضائیہ کے جنگی جہاز اور ڈرون طیاروں نے حصہ لیا۔