ایران پاکستان سرحد پر زائرین کے لئے مولا رضا (ع) کی عنایتیں
امام رضا علیہ السلام کے زائرین نیز ہر سال سیدالشہدا (ع) امام حسین علیہ السلام کے اربعین کے موقع پر ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی خدمت مزید بہتر اور وسیع پیمانے پر انجام دینے کے مقصد سے آستان قدس رضوی مشہد کی جانب سے میر جاوہ سرحد پر ایک زائر سرا کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
آستان نیوز کے مطابق پیر کے روز میرجاوہ سرحدی علاقے میں آستان قدس رضوی کے تعمیر کردہ زائر سرا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گيا۔ اس موقع پر آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی، سیستان و بلوچستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین مصطفیٰ محامی، صوبے کے گورنر حسین مدرس خیابانی اور دیگر سرکاری عہدے دار موجود تھے۔
کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے ایکزیکیوٹیو ڈائیرکٹر محمد حسین استاد آقا نے اس موقع پر بتایا کہ یہ زائر سرا 60 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 5100 مربع میٹر پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ اس زائر سرا میں بیک وقت تین ہزار زائرین کے ٹھہرنے کی گنجائش موجود ہے۔
زائر سرا کی تعمیر کا ہدف ان زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور ان کی شائستہ طور پر میزبانی کرنا ہے اور اس میں زائرین کو درکار آرام و آسائش کی متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
محمد حسین استاد آقا نے بتایا کہ یہ مجموعہ پورے سال فرزند رسول امام رضا علیہ السلام کے روضے کے خدام کی مدد سے زائرین کی میزبانی کرتا رہے گا اور پاکستانی زائرین کے قافلوں کے اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایران سے ٹرانزت کے موقع پر خدمات میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر روضۂ امام علی رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ یہ زائر سرا مناسب رفاہی و فلاحی وسائل کے ساتھ پاکستانی زائرین کے لئے آج سے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ زائرین یہاں پر اپنی تھکن دور کر کے نئی توانائی کے ساتھ مشہد مقدس کے اپنے معنوی سفر پر آگے بڑھ سکیں۔
آستان قدس کے متولی نے کہا کہ زائرین کی میزبانی اور احترام کے باب میں قوم، ملت، زبان، ثقافت، مذہب، غربت اور امیری جیسے الفاظ کوئی معنیٰ نہیں رکھتے، جو بھی امام رضا علیہ السلام کے زائر سرا میں قدم رکھے گا وہ ولی خدا اور حجت خدا کا مہمان ہوگا اور بہترین انداز میں اس کی خدمت اور احترام ہمارا فرض ہے۔
حجت الاسلام مروی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس زائرسرا اور حرم مطہر کی خدمات میں کوئی فرق نہیں ہے، حرم مطہر کی طرح یہاں پر بھی امام رضا علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کے لئے انتطامات موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میر جاوہ کے زائر سرا سے متعلق کاموں کو اس طرح کیا جائے کہ جس سے اس علاقے کے عوام کو بھی فائدہ پہنچے اور اس کا ماحول اور فضا ایسی ہو کہ زائرین ہی نہیں بلکہ اس مقدس جگہ پر رہنے والے عام لوگ بھی اس زائر سرا سے فائدہ اٹھا سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہر سال پاکستانی زائرین اربعین حسینی میں شرکت کے لئے اور اسی طرح امام رضا علیہ السلام کے روضے کی زیارت کے مقصد سے میرجاوہ سرحد کے راستے سے ایران میں داخل ہوتے ہیں جس کے پیش نظر امام علی رضا علیہ السلام کے روضۂ اقدس کی جانب سے یہ اہم اور بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔
آستان قدس رضوی نے زائرین کی خدمت کے لئے ملکی سطح پر اس طرح کے 22 اور مراکز اہم شاہراہوں پر تعمیر کئے ہیں، جن میں زائرین کے لئے بہترین سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔