Nov ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران، افغانستان کی تعمیر نو کے لئے تیار ہے

افغانستان کے امور میں ایران کے خصوصی نمائندے نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ افغانستان قدرتی ذخائر سے مالامال ملک ہے، کہا ہے کہ ایران، افغانستان کی تعمیرنو کے لئے تیار ہے۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے امور میں ایران کے نمائندے حسن کاظمی قمی نے بدھ کو کابل میں ایران و طالبان کے وفود کے درمیان مشترکہ اجلاس کے موقع پر کہا کہ ایران، افغانستان کو ٹیکنیکل اور انجینئرنگ سروسز فراہم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ اس ملک میں کارخانے قائم ہوں اور صنعتی ترقی ہو۔

افغانستان کے امور میں ایران کے نمائندے نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دوسروں نے افغانستان کو اس کی صلاحیتوں کے اجاگر ہونے کا موقع نہیں دیا، امید ظاہر کی کہ نئے حالات میں افغانستان کی صلاحیتیں نکھریں گی اور اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

کاظمی قمی نے کہا کہ کابل میں ایرانی وفد کی موجودگی کی وجہ یہ معلوم کرنا ہے کہ کس طرح طالبان کے ساتھ کام کیا جائے کہ افغانستان کے بعض مسائل حل ہوں۔ افغانستان کے امور میں ایران کے نمائندے نے تشکیل شدہ کمیٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مشترکہ تعاون کے عملی طریقہ کار کے سلسلے میں اتفاق رائ‏ے پیدا کرکے افغانستان کی مدد کے لئے حاصل ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

کابل میں ایران اور طالبان کے وفود کے درمیان ورکنگ کمیٹیوں کا اجلاس ہو رہا ہے۔ ایران اور طالبان کے وفود کے درمیان ورکنگ گروپ کے اجلاس میں سات کمیٹیاں تشکیل پائی ہیں جو ثقافت، اقتصاد، مہاجرت و نقل مکانی، سیاست، سیکورٹی، سرحدی امور اور پانی و بجلی سے متعلق ہیں۔

ٹیگس