ایرانی سائنسدانوں کا قتل انسانیت کے خلاف جرم ہے: کاظم غریب آبادی
کاظم غریب آبادی نےکہا ہے کہ ایرانی سائنسدانوں کا قتل انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ویانا میں عالمی اداروں میں ایران کے سفیر اور نمائندے کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ اور دیگر ایرانی سائنسدانوں کا قتل انسانیت کے خلاف جرم اور عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
کاظم غریب آبادی نے ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی شہادت کی پہلی برسی کی آمد کے موقع پر کہا کہ شہید محسن فخری زادہ گمنام سائنسدان تھے جن کی شہادت کے بعد ان کے کارنامے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جوہری کارنامے ہمیشہ کیلئے یاد گار رہیں گے۔
عالمی اداروں میں ایران کے سفیر اور نمائندے نے محسن فخری زادہ کی شہادت اور اسی طرح دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرنے والے نام نہاد ممالک کی ڈرامائی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی عدلیہ میں ایران کے 4 جوہری سائنسدانوں کے قتل کے مقدمے کی کارروائی ختم ہوئی اور اب صرف فیصلے کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کو 2020 میں تہران کے قریب دماوند کے علاقے میں ایک دہشتگردانہ کارروائی کے دوران شہید کردیا گیا۔