ایجادات کے عالمی مقابلے میں ایرانی بچوں کی دھوم
ایران کے اسکولی طلبا نے ہندوستان میں ہونے والے جدت طرازی اور ایجادات کا مقابلہ جیت لیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، ہندوستان میں ہونے والے جدت طرازی اور ایجادات کے بین الاقوامی مقابلے (INEX2021) میں شریک ایرانی طلبا نے الیکٹرانک، مصنوعی ذہانت اور پروگرامنگ جیسے شعبوں میں سونے کے تمغے حاصل کیے۔
مہربد بنی عامریان اور آروین یعقوبی پر مشتمل ایک ایرانی ٹیم نے INEX میں سونے کے تمغے کےعلاوہ میلے کا خصوصی انعام بھی حاصل کیا۔
ایران ہی کی بہنام کریمی اور علی رضا جعفری نیز حسن کاکانژادی اور کوشا رستمی پر مشتمل دو دیگر ٹیمیں بھی سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔انٹرنیشنل انوویشن اینڈ کاپی رائٹس فیڈریشن کے تعاون سے منعقد کیے جانے والے اس مقابلے میں دنیا کے تیس ملکوں کے اسکولی طلبا نے حصہ لیا۔ کورونا کی وجہ سے اس سال کا یہ مقابلہ تیرہ سے سولہ دسمبر تک ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں آن لائن طریقے سے منعقد کیا گیا۔