Dec ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  •  مذاکرات میں اچھی پیشرفت ہوئی، باقری کنی

ایران کے سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے کہا ہے کہ پچھلے چند روز کے مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔

 ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے جمعرات کو ویانا میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ پچھلے چند روز کے مذاکرات میں ساری توجہ پابندیوں کے خاتمے پر مرکوز رہی ۔

 علی باقری کنی کاکہنا تھا کہ مذاکرات کے آٹھویں دور میں ایران اور دیگر فریقوں کے درمیان گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا اس دوران پابندیوں کے خاتمے کی جانچ پڑتال یا فیکٹ چیکنگ میکنیزم کے بارے میں بھی یورپی فریقوں اور ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے کوآرڈینٹر کے ساتھ کئی نشستیں ہوچکی ہیں۔

 ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے فریقین کے درمیان تحریروں کا بھی تبادلہ ہوا ہے اور ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ آٹھویں دور کے آغاز سے اب تک بات چیت میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔

 علی باقری کنی نے امید ظاہر کی کہ نئے سال کی تعطیلات کے باعث مذاکرات میں آنے والے چند روز کے وقفے کے بعد پابندیوں کے خاتمے کے معاملات کو مزید ٹھوس بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

ٹیگس