خلائی شعبے میں پیشرفت کے لئے کسی کی اجازت درکار نہیں: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خلائی شعبے میں ترقی و پیشرفت کو اپنے ملک کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ کسی بھی قرارداد نے ایران کو خلائی شعبے میں پیشرفت و ترقی حاصل کرنے منجملہ سیٹیلائت یا اسکو خلا میں پہنچانے والے راکٹوں کے حوالے سے انجام پانے والی سرگرمیوں سے نہیں روکا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا یہ بیان سیٹیلائٹ کیریئر سیمرغ کے کامیاب تجربے کے بعد بعض یورپی و امریکی عہدے داروں کے بیانات کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔امریکہ اور اسکے بعض اتحادیوں نے گزشتہ روز سیٹیلائٹ کیریئر سیمرغ کو خلا میں بھیجے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اُسے قرارداد بائس اکتیس کے مناقی قرار دیا تھا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ علم و تحقیق بالخصوص خلائی شعبے میں پیشرفت و ترقی ایران کا مسلمہ حق ہے اور بعض ممالک کے مداخلت پسندانہ بیانات سے ایران کے عزم و ارادے میں کوئی تبدیلی آنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بارہا یہ واضح کر چکا ہے کہ وہ علم و تحقیق کے شعبے میں بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق پرامن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کا حق رکھتا ہے اور اسکے لئے اُسے تسلط پسند ممالک کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز ایران کی وزارت دفاع نے سیمرغ نامی ایک سیٹیلائٹ کیریئر کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے جانے کی خبر دی تھی۔ ایرانی سائنسدانوں کا تیار کردہ سیمرغ سیٹلائٹ کیریئر دو سو پچاس کلو وزنی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں پانچ سو کلومیٹر کی بلندی پر پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔