پابندیاں اور دھونس دھمکیوں سے ایران کی پیشرفت نہیں رکنے والی: صدر ایران
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے واضح کیا ہے کہ پابندیوں اور دھونس دھمکیوں سے ایران کی ترقی و پیشرفت کا سلسلہ ہرگز رکنے والا نہیں ہے۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے دورہ ہرمزگان کے دوسرے روز فرسٹ بحری زون میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کی جانب سے تیار کی جانے والی دفاعی مصنوعات کی نمائش کا معائنہ کیا۔ اس موقع انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں سے اس کی کسی بھی صنعت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود ہر شعبے میں ترقی کا عمل جاری ہے اور جب تک ایرانی قوم میں یہ عزم و حوصلہ باقی ہے ایران کا کوئی بھی دشمن کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔
سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے سلسلے میں ایرانی عوام کو کسی بھی طرح کی کوئی تشویش لاحق نہیں ہے اور دشمنوں کی ہر چال پر ایران کی مسلح افواج کی مکمل نظر ہے۔ انھوں نے ملکی افواج کی طاقت کو ایرانی عوام کی سیکورٹی کی ضمانت قرار دیا۔
ڈاکٹر رئیسی نے کہا کہ علاقے میں اگر چہ کوئی جنگ نہیں ہے تاہم ایران کی مسلح افواج کی مکمل آمادگی، قابل ذکر اور قابل فخر ہے۔