پابندیوں کی منسوخی، اس کی تصدیق اور معتبر ضمانت، سمجھوتے کی اساس ہے: صدر ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے فرانسیسی صدر سے گفتگو میں پابندیوں کے خاتمے اس کی تصدیق اور معتبر ضمانت کو سمجھوتے کی بنیاد قرار دیا ہے۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے فرانس کے صدر امانوئل میکرون کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں امریکہ کی جانب سے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کی ناکامی کے مغربی اعتراف کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اسلام جمہوریہ ایران نے مذاکرات کے عمل میں سمجھوتے کے حصول کے لئے اپنے عزم و ارادے اور سنجیدگی کو ثابت کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سمجھوتے کے سلسلے میں فریق مقابل کی ہر کوشش پابندیوں کی منسوخی، اس کی تصدیق اور معتبر ضمانت پر مشتمل ہونا چاہئے۔ صدر ایران نے عالمی برادری سے یمن میں انسانی بحران کی جانب توجہ دینے اور اس ملک کے مظلوم عوام کا محاصرہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ پراعتماد نہ کرنے کا حق ہے کیونکہ وہی اس بحران کے وجود میں آنے کا باعث بنا ہے۔
امانوئل میکرون نے یمن کے عوام کے خلاف جارحیت بالخصوص حالیہ حملوں کی مذمت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے سربراہان مملکت نے لبنان سمیت علاقے کے حالات پربھی تبادلہ خیال کیا۔