Feb ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات حساس مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے ویانا میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ ویانا مذاکرات حساس مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کے مقصد سے ویانا مذاکرات کا آٹھواں دور سیاسی فیصلے کے لئے ایک مختصر وقفے کے بعد آٹھ فروری سے پھر شروع ہو گیا ہے۔  ارنا کے مطابق وائٹ ہاؤ‎ کی ترجمان جین ساکی نے   ایک پریس کانفرنس میں ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کے  وعدے اور وعدہ خلافیوں سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لئے کسی بھی بات کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں واپسی کے تعلق سے ایران کے ساتھ ویانا مذاکرات حساس مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

انھوں نے ایران کی مذاکراتی ٹیم پر دباؤ ڈالنے کے مقصد سے ویانا مذاکرات کے لئے مقرر کئے جانے والے وقت کا ذکر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اگر آئندہ چند ہفتوں میں سمجھوتہ نہیں ہوتا ہے تو ایٹمی معاہدے میں واپسی کا عمل مشکل ہو جائے گا۔ 

  اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بھی دعوی کیا تھا کہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے ویانا مذاکرات کے لئے وقت غیر محدود نہیں ہے۔

ایران نے بارہا صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار ملک ہے اور ایٹمی معاہدے کے تحت اس نے تمام امور انجام دیئے ہیں،  یہ امریکہ ہے جو اس بین الاقوامی معاہدے سے علیحدہ ہوا ہے اس لئے اسی کو ایٹمی معاہدے میں واپس آنے کی شرطوں کو پورا اور اس معاہدے میں واپس لوٹ کر اس معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس