Feb ۲۱, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۳ Asia/Tehran
  • صدر ایران اور امیر قطر کی مشترکہ پریس کانفرنس، تہران و دوحہ مشترکہ تعاون میں سنجیدہ

صدر ایران نے کہا ہے کہ تہران علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کا فروغ چاہتا ہے اور اس نے سخت سے سخت حالات میں بھی اپنی دوستی کو ثابت کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اپنے دو روزہ دورے پر آج قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ہیں۔ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ہوئی ملاقات کے بعد کے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ علاقائی اقوام اور ملکوں کے مفادات کے ساتھ ساتھ رہا ہے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران بیک وقت دو محاذوں پر یعنی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور زیادہ سے زیادہ اقتصادی دباؤ کے معرکے میں فتحیاب ہوکے نکلا ہے اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ اصلی پابندیوں کے خاتمے کے لیے اپنی نیک نیتی کو ثابت کرے۔

صدر ایران نے کہا کہ مغربی ایشیا کا خطہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور پچھلے چند ماہ کی علاقائی تبدیلیوں کا پہلا سبق یہ ہے کہ جارحیت کا مقدر ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تبدیلیوں کا دوسرا سبق یہ ہے کہ مزاحمت اور استقامت جواب دینے کے قابل ہے اور تیسرا سبق یہ ہے کہ فوجی طریقے سے کسی بھی علاقائی مسئلے کو حل نہیں کیا جاسکتا۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی اس موقع پر، دوحہ اور تہران کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، ان سمجھوتوں کو اہم اور ان پر عملدرآمد کو ضروری قرار دیا۔ شیخ تمیم نے مسئلہ فلسطین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہم نے اس معاملے پر بھی بات چیت کی ہے، کیونکہ  مسئلہ فلسلطین خطے کا اہم ترین مسئلہ ہے۔ 

ٹیگس