Mar ۰۵, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • ہتھیاروں پر نہیں اپنے عزم و ایمان پر یقین رکھتے ہیں، جنرل حسین سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے کافی مقدار میں ہتھیاروں کی تیاری کے باوجود، ہم ہتھیاروں پر نہیں بلکہ اپنے عزم و ایمان پر یقین رکھتے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دو نئے میزائل اور ڈرون مراکز کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ مستقبل پر نظر رکھے ہوئے، ایئرو اسپیس فورس کے تازہ دفاعی اقدامات قابل قدر ہیں۔

جنرل حسین سلامی نے میزائل، ڈرون، ایئرڈیفینس سسٹم، لڑاکا طیاروں اور جنگی جہازوں کو حقیقی طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طاقت کا سرچشمہ انسان کے قلب و ذہن میں ابھرنے والے عقائد و نظریات سے پھوٹتا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کے ذریعے کسی کو ملنے والی طاقت پائیدار نہیں ہوتی اور افغانستان اس کی واضح مثال ہے جہاں امریکہ کی مسلح کردہ فوج دس منٹ بھی جنگ نہ کرسکی۔

واضح رہے کہ آج سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے دو نئے زیر زمین میزائل اور ڈرون مراکز کی رونمائی اورانہیں دفاعی سسٹم کے ساتھ منسلک کردیا۔ ایران کی عسکری حکمت عملی دفاع پر استوار ہے اور جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت یافتہ فوج، اس حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔

ٹیگس