Mar ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • شام، صیہونی حملے میں دو پاسبان حرم شہید

شام پر دہشتگرد صیہونی ٹولے کے ایک حملے میں وہاں موجود ایران کے دو پاسبان حرم جانباز شہید ہو گئے۔

پیر کی صبح دمشق کے مضافات پر صیہونی فوج کے میزائیل حملے میں، ایران کے دو پاسبان حرم جوان شہید ہو گئے۔ سپاہ پاسداران فورس کی طرف سے جاری بیان میں 2 پاسبان حرم کے شہید ہونے کی تائید کی گئی ہے۔

پیر کو قریب 5 بجے صبح صیہونی فوج نے بیروت کے جنوب سے دمشق کے مضافات پر میزائیل حملہ کیا جس کا شام کے ڈیفنس سسٹم نےمقابلہ کیا۔ اس حملے میں کرنل احسان کربلائی پور اور کرنل مرتضی سعید نژاد شہید ہو گئے۔

سپاہ پاسداران کی طرف سے جاری بیان میں شہید کے گھر والوں کو تعزیت کے ساتھ ہی تاکید کی گئی ہے کہ صیہونی حکومت سے اس جرم کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

اُدھر ایران کے جوابی حملے کے خوف سے غاصب صیہونی ٹولے نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی دشمن نے ایران کے ممکنہ حملے کے خوف سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اپنی دفاعی آمادگی کی سطح کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اپنے آئرن ڈوم نامی دفاعی سسٹم کے لئے ہائی الرٹ دے دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی جنگی طیارے آئے دن لبنان کی ہوائی حدود کی خلاف ورزی کرکے یا پھر مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں سے شام پر میزائیل حملے کرتے ہیں۔ صیہونی حکومت دہشتگردوں کی حمایت میں شامی فوج کے ٹھکانوں و بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بناتی ہے۔

ٹیگس