Mar ۲۱, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۵ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے بھی تمام اہل وطن کو عید نوروز کی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے 15ویں صدی ہجری شمسی کو ایران اسلامی کی صدی اور ایرانی عوام کے تخلیقی کردار ادا کرنے کا وقت قرار دیا اور کہا کہ نئے سال کو ہم سب کے لئے ترقی اور پیشرفت کا سال ہونا چاہئے۔

صدر ایران نے کہا کہ اس سال کا نوروز صدی کی تبدیلی کا سال ہے اور چودہویں صدی ایرانی قوم کے اسلامی انقلاب کی صدی تھی اور یہ انقلاب تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ انشاء اللہ اگلی صدی عظیم منجی عالم بشریت کے ظہور کی صدی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چودہویں صدی وہ صدی ہے جس میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ایران کے مسلمان عوام کو استعمار اور آلہ کار آمر و ڈکٹیٹر سے نجات دلایا اور مذہبی جمہوریت کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے اہل وطن کو خرم شہر سے خطاب میں کہا کہ ملک کے شجاع اوربہادر لوگو، خرم شہر کی جامع مسجد آپ کی استقامت اور مزاحمت کا مظہر ہے، عراق کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران مغرب اور مشرق آپ کی آزادی کے خلاف ایک صف میں کھڑا تھا تاہم آج ایران سے لین دین اور تجارت کے لئے وہ ایک دوسرے سے مقابلہ آرائی کر رہے ہیں، یہ ایرانی قوم کی عظمت ہے، ہم نے سختیوں کو عبور کر لیا ہے تاہم ہم دشمنوں کی چالوں اور ان کی سازشوں سے غافل بھی نہیں ہیں۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ یہ ایران اسلامی کی صدی ہے، تمام ایرانی قومیں اور قبیلے ایک ہی سمت میں گامزن ہیں، تمام ایرانی قوم اور افراد ایک ہی خاندان ہیں اور ہم سب کا ایک مشترک مستقبل ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ حکومت نے سرگرم سفارتکاری کے ذریعے خارجہ پالیسی کو معتدل کردیا ہے اور ان برسوں میں ملک کی سب سے بڑی کامیابی، امریکا کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کی ناکامی رہی ہے اور یہ ناکامی ایرانی قوم کی استقامت سے ہی ممکن ہوئی ہے۔

صدر ایران نے آخر میں امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پوری دنیا سے کورونا کے خاتمے اور اسی طرح دنیا سے جنگ اور در بدری کے خاتمے کا سال ہو۔

ٹیگس