Mar ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • نوروز کے پیغام کو سمجھنے اور عام کرنے کی ضرورت

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایران اور گیارہ دیگر ملکوں کے تعاون سے منعقدہ عالمی جشن روز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر اور مستقل مندوب نے نوروز کو امن و دوستی اور اتحاد و یکجہتی کے پیغام کا حامل قرار دیا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی کی صدارت میں ہونے والی جشن نوروز کی عالمی تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس کے علاوہ جنرل اسمبلی کے صدر اور اقتصادی و سماجی کونسل کے چیرمین نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر اور مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں پوری انسانیت کو وبا کے پھیلاؤ ، یونی پولرازم، انتہا پسندی، تشدد، دشمنی اور تنازعات جیسے بے شمار اور ریکارڈ توڑ مسائل کا سامنا ہے، آئیے نوروز اور اس کے اعلی ترین پیغامات  سے امن و دوستی اور اتحاد و یکجہتی حاصل کریں۔

جید تخت روانجی نے کہا کہ نوروز اپنی کئی ہزار سالہ تاریخ، تمدن اور ثقافت کے ساتھ دنیا کی بہت سے نسلوں اور معاشروں کے لئے یادگار لمحات کا حامل ہے۔ایران کے سفیر اور مستقل مندوب نے کہا کہ نو روز نہ صرف ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ایک مستحکم پل کی حثیت رکھتا ہے بلکہ ثقافتی تنوع کے احترام کے ساتھ ساتھ پوری تاریخ میں نسل در نسل منتقل ہونے والی مشترکہ اقدار کی پاسدارای کی علامت بھی ہے۔ 

مجید تخت روانچی نے واضح کیا کہ نوروز مختلف اقوام، ملکوں اور  قوموں کی مشترکہ زبان میں تبدیل ہوگیا ہے اور امن، بھائی چارے، ہمدردی اور دوستی جیسی اعلی انسانی قدروں کی ترویج اور تقویت کرتا ہے۔

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے سفیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس قدیم عید کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ نوروز، تحمل، اجتماعیت اور بھائی چارے جیسی عالمی اقدار کی نشانی ہے۔

ٹی ایس ٹی مورتی نے کہا کہ ہندوستانی سماج کا ایک طبقہ نوروز پر جشن مناتا ہے اور میں کہتا ہوں کے کہ آئیے متحد ہوکر، عالمی امن اور دوستی کا یہ جشن مل کر منائیں۔

واضح رہے کہ قدیم تہوار نوروز کی جڑیں ایرانی تہذیب و ثقافت میں پیوست ہیں۔ یہ تہوار نئے شمسی سال کے آغاز کے موقع پر دنیا کے مختلف ملکوں میں منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ نے تئیس فروری دوہزار دس کو ایران اور نوروز منانے والے دیگر ملکوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ایک قرار داد پاس کرکے ہرسال اکیس مارچ کو عالمی یوم نوروز منانے کا اعلان کیا تھا اور دنیا بھر کے ملکوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جشن کی تقریبات منعقد کرکے اس کی ترویج اور پاسدارای کریں۔

ٹیگس