فلسطین کے موضوع پر ایران اور جنوبی افریقہ کے وزرائے خارجہ کی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ کی اپنی ہم منصب سے فلسطین سمیت دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
حسین امیر عبد اللہیان نے جمعرات کو جنوبی افریقہ کی اپنی ہم منصب نالدی پانڈر سے ٹیلیفونی گفتگو میں فلسطین کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر جنوبی افریقہ کے اچھے موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے نسل پرستی کا خود تجربہ کیا ہے وہ فلسطینی عوام کے خلاف موجودہ نسل پرستانہ حالات کو اچھی طرح سمجھ سکتا ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں بر اعظم افریقہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودہ حکومت اس بر اعظم بالخصوص جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات میں فروغ کے لئے پر عزم ہے۔
جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی اداروں میں ایران کی طرف سے اپنے ملک کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کو اپنا دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو جنوبی افریقہ کے صدر کی طرف سے دورے کی دعوت کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکے آئندہ دورے سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو تیزی سے فروغ ملے گا۔