ایران میں امن و سلامتی کا بول بالا ہے ، تہران کے خطیب جمعہ
خطیب نماز جمعہ تہران نے کہا ہے کہ ایران میں مکمل امن و سکون حکمفرما ہے اور ایران کی مسلح افواج نے آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران اپنے وطن کی سرزمین کے ایک ایک ذرہ کی مکمل حفاظت کی ہے۔
خطیب نماز جمعہ تہران حجت الاسلام و المسلمین علی اکبر ابوترابی فرد نے نماز جمعہ کے خطبے میں کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے مسلط کردہ جنگ اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران عالمی استکبار کے مقابلے میں اپنے ملک اور سرحدوں کا مکمل دفاع کیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے ایران کو علاقے میں امن و اقتدار کے ایک باوقار نمونے میں تبدیل کر دیا۔ حجت الاسلام و المسلمین علی اکبر ابوترابی فرد نےکہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نالج بیسڈ معیشت کے شعبے میں گرانقدر مقام و منزلت کا حامل ہے اور میڈیکل، انجینئرنگ، لیزر،بایو ٹیکنالوجی اور نینو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جو تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں وہ ایران کے تعلیمی نظام کا بڑا علمی کارنامہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران میں نئے شمسی سال کو پیداوار۔ نالج بیسڈ مصنوعات اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کا سال قرار دیا ہے۔