Apr ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ایرانی حکام اور عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت

عالمی یوم القدس کے جلوس اور مظاہروں میں ایران کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ ایرانی عوام نے وسیع پیمانے پر شرکت کی اور عالمی استکبار سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔

کورونا بندشوں اور احتیاطی تدابیر کی بنا پر دو برس تک عالمی یوم القدس کے موقع پرکار ریلیوں کے بعد اس سال عالمی یوم القدس کے ملین مارچ میں روزہ دار مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی۔

تہران میں  مقیم یہودیوں نے بھی عالمی یوم القدس کے مظاہروں میں شرکت کی ۔ع المی یوم القدس کی ریلیوں کے موقع پر مظاہرین نے سوشل میڈیا سے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر ہٹائے جانے کے اقدام کی بھی مذمت کی ۔ 

تہران کے روزہ دار عوام نے ریلی کے راستے میں ایک طومار پر دستخط کر کے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔ اسی طرح کی ریلیاں ایران کےدیگر سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں ۔ ایرانی عوام نے ان ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح کی امنگوں سے تجدید عہد کیا اور ریلی کے اختتام پر ایک قرارداد میں مظلوم فلسطینی عوام کی مکمل حمایت پر زور دیتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔

عالمی یوم القدس کے جلوس کے شرکا نے بیت المقدس کی آزادی اور غاصب صیہونی حکومت کے چنگل سے نہتے اور مظلوم فلسطینی قوم کی رہائی اور سرطانی پھوڑے اسرائیل کا وجود مٹائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس قرارداد میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کو ناقابل معافی خیانت   اور اسلامی استقامتی محاذ کو کمزور بنانے نیز مظلوم فلسطینیوں کے خلاف ایک شرمناک سازش قرار دیا گیا ۔ اس قرارداد میں کہا گیا کہ مغربی ایشیا کے اسٹریٹیجک علاقے میں امریکہ و اسرائیل نیز رجعت پسند وہابیوں کی مسلسل شکست نے جو غاصب صیہونی حکومت کی فوجی طاقت کے ناقابل شکست  ہونے کے وہم میں مبتلا تھے ان کے اس وہم کو غلط ثابت کر دیا اور اس سے یہ حقیقت بھی واضح ہو گئی کہ علاقے میں صیہونی ازم اور تسلط پسندانہ نظام زوال پذیر ہے۔

اس قرارداد میں علاقے میں ایران کے اقتدار اور میزائل دفاعی توانائی اور اخلاقی و معنوی اثر ورسوخ کو ملک کا باوقار اسٹریٹیجک سرمایہ قرار دیا گیا اور سرزمین ایران کے دشمنوں کو سخت متنبہ کیا گیا کہ دشمنوں نے ایرانیوں کی ریڈ لائنوں کو کسی بھی طرح سے عبور کرنے کی کوشش کی یا انھیں کمزور و جارحیت کا نشانہ بنانے کی غلطی کی تو انھیں منھ توڑ اور دندان شکن جواب دیا جائے گا۔

ٹیگس