May ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ غیر قانونی پابندیوں کے عوام پر پڑنے والے منفی اثرات پر توجہ دے، ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے یکطرفہ، غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے باہمی رابطہ دفتر کی جانب سے اس قسم کی پابندیوں سے مختلف ملکوں اور عوام پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے باخبر کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے بدھ کی شام جنرل اسمبلی کی کمیٹی برائے اطلاعات و روابط سے خطاب میں خود سرانہ اور غیر قانونی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے ملکوں کی مالی ، اقتصادی و تجارتی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں سے اقتصادی ترقی کا عمل کمزور ہوتا ہے اور علاج و معالجے کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں خام مواد اور بیرونی مالی ذرائع تک دسترسی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے براہ راست عوام متاثر ہوتے ہیں ۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بعض ممالک جدید ٹیکنالوجی پر اجارہ داری قائم کرنا چاہتے ہیں اور وہ حقائق تحریف کرکے اور بے بنیاد دعوے کرکے، دیگر ملکوں خاص طور سے ترقی پذیر ملکوں کو جدید ٹیکنالوجی سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے ترقی پذیر ملکوں کی ترقی و پیشرفت کو نقصان پہنچتا ہے، اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے بنابریں عالمی برادری کو چاہئے کہ اس مسئلے پر توجہ دے ۔

مجید تخت روانچی نے اسی طرح مغربی دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں اسلامو فوبیا باعث تشویش ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں سیاسی شخصیات کے اشتعال انگیز اور تعصب سے بھرے بیانات اسلامو فوبیا پھیلا رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری ان چیزوں کی بھرپور مذمت کرے اور اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے ابتدائی ترین حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے ۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کرے، اور یکطرفہ ، غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیتے ہوئے ان پابندیوں سے مختلف ملکوں اور عوام پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کا جائزہ لے اور دنیا کو باخبر کرے۔

انھوں نے علاقے کے مختلف ملکوں میں فارسی زبان کی اہمیت و مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مناسب طریقہ یہی ہے کہ اقوام متحدہ کا سیکریٹریٹ مختلف سرکاری و غیر سرکاری زبانوں خاص طور سے فارسی زبان میں نشر و اشاعت کا سلسلہ شروع کرے جو کروڑوں لوگوں کی زبان اور مختلف اقوام میں اتحاد و مفاہمت اور یکجہتی کا ذریعہ ہے۔

ٹیگس