May ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کی ہلال احمر کمیٹی دنیا کی مضبوط ترین فلاحی کمیٹی  ہے: عالمی ریڈکراس کے سربراہ

عالمی ریڈکراس اور ہلال احمر سوسائٹیوں کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی ہلال احمر کمیٹی کی سو سالہ خدمات نے اسے دنیا کی مضبوط ترین قومی ایسوسی ایشن بنا دیا ہے۔

عالمی ریڈکراس اورہلال احمرکمیٹیوں کے سربراہ فرنچسکو روکا نے ایران کی  انجمن ہلال احمر کی تشکیل کے سوسال مکمل ہونے پرتہران میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ سوسالہ خدمات کے بعد ایران کی ہلال احمر دنیا کی اہم ترین  قومی  امدادی انجمن  بن گئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی  نے عالمی اور قومی سطح پرگذشتہ صدی کی عظیم اور جاودانہ یادیں چھوڑی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے بیس لاکھ رضاکارانسان دوستانہ خدمات انجام دے رہے ہیں جو نہایت غیرمعمولی اور حیرت انگیز ہے ۔

فرانچسکو روکا نے کہا کہ ہلال احمر اورعالمی ریڈکراس فیڈریشن کو ایک گرانقدررکن کی حیثیت سے ایران کی ہلال احمر ایسوسی ایشن پربہت نازہے اور وہ اس کی انسان دوستانہ خدمات اور ضرورت مندوں کے لئے اس کی جدوجہد کی قدرداں ہے ۔

عالمی ریڈکراس کے سربراہ نے کہا کہ گذشتہ دوبرسوں کے دوران آنے والی قدرتی آفات اور بحرانوں نے کسی پر بھی رحم نہیں کیا اور کورونا کے پھیلاؤ، مسلح جھڑپوں، ماحولیاتی تبدیلیوں اور بحرانوں، ماحولیات کی تباہی، غربت، بھوک و افلاس اور بڑے پیمانے پرمہاجرت و دربدری نے دنیا کو سخت نقصان پہنچایا ہے ۔

واضح رہے کہ آٹھ سے چودہ مئی تک ریڈکراس اور ہلال احمر سوسائٹیوں کا ہفتہ منایا جاتا ہے۔ 

ٹیگس