ایرانی ساخت کے ٹرانسپورٹ طیارے سی مرغ کی رونمائی
ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین کا تیار کردہ ہلکا ٹرانسپورٹ طیارہ سی مرغ منظرعام پر آگیا۔
سیمرغ کی تقریب رونمائی اصفہان کے ہسائی کمپلکس میں منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع میجر جنرل محمد رضا آشتیانی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال کے دوران ملکی دفاع اور عوامی خدمات کے حوالے سے مزید پیشرفت کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امدادی ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ساتھ اس ہلکے ٹرانسپورٹ طیارے کی آمد، بلاشبہ عوامی خدمات کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیمرغ کو سول اور فوجی اداروں اور محکموں میں مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
سیمرغ نامی یہ ٹرانسپورٹ طیارہ مکمل طور پر ایران کی وزارت دفاع اور اسٹارٹ اپ کمپنی کے ماہرین کے اشتراک سے عالمی معیاروں کے مطابق ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔
اس طیارے کی ساخت اور ڈیزائننگ میں ملک کے سول اور فوجی اداروں کی ضروریات اور موسمی حالات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
ایران کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد رضا آشتیانی نے مزید کہا کہ ملکی دفاع کے تمام شعبوں میں مسلح افواج کی ضرورتوں کو پورا کرنا وزارت دفاع کی اولین ترجیح ہے اور یہ عمل پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔