عالمی صحت اسمبلی ایران کی کامیابیوں پر غور کرے گی
عالمی صحت اسمبلی ڈبلیو ایچ اے کے اجلاس میں، کورونا پر قابو پانے اور ویکسین کی تیاری کے میدان میں ایران کی کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبہ عالمی امور کے ڈائریکٹر محمد حسین نیک نام نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی صحت اسمبلی کے اجلاس میں صحت سے متعلق اہم معاملات کے جائزے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ ایران نے کورونا سے ہونے والی اموات سیکڑوں سے گھٹا کر دس سے بھی کم تک لانے میں کس طرح کامیابی حاصل کی ہے۔
محمد حسین نیک نام نے بتایا کہ سوئزرلینڈ میں ہونے والی عالمی صحت اسمبلی کے اجلاس میں ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر بہرام عبد اللہی بھی شرکت کریں گے اور ارکان کو کورونا سے متعلق ملک کی کامیابیوں سے آکاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران ایران میں کورونا سے مرنے والوں کی یومیہ تعداد میں نمایا ں کمی واقع ہوئی ہے اور یہ تعداد دس سے بھی کم ہو گئی ہے۔
دنیا کے بہت سے ممالک نے کورونا وائرس پر قابو پانے میں ایران کے نظام صحت کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
تہران پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ وہ اس میدان میں اپنے تجربات دوسرے ملکوں کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔