عمان میں صدر مملکت کا شاندار استقبال
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سلطان عمان کی دعوت پر ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ مسقط پہنچ گئے۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کے دورہ عمان میں مسقط پہنچنے پر اس ملک کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے سرکاری طور پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔
استقبالیہ تقریب کے بعد دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کے درمیان مذاکرات شروع ہوئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان ملاقات و گفتگو ہوئی۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران کا یہ دورہ، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید کی سرکاری دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین سیاسی و اقتصادی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کا یہ پہلا دورہ مسقط ہے جو ان کے اقتدار میں آنے کے نو ماہ بعد انجام پایا ہے۔ ایران اور عمان کے تعلقات گذشتہ چند عشروں کے دوران خلیج فارس میں پیدا ہونے والی کشیدگیوں اور ایرانوفوبیا کے ذریعے اختلاف پیدا کرنے کی امریکی کوششوں کے باوجود ہمیشہ ایک دوسرے کے احترام پر مبنی رہے ہیں۔