Jun ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے معاملات کو طے کرنے کے لئے صحیح راستے کا انتخاب کرے، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اگر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ذہن میں کوئی ابہام یا سوال ہے تو اس کو دور کرنے کے لئے صحیح راستے کا انتخاب کرے ۔ ایران نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے لئے ابھی ویانا کا راستہ بند نہیں ہوا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں ایران پریس کی جانب سے کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا ہمیشہ یہ کہنا رہا ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی اپنا کوئی بھی بیان تکنیکی فرائض کے دائرے میں دیا کریں۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے پانچ مارچ کے تحریری بیان پر ایک بار پھر نظر ڈالی گئی ہے اور اگر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کو کوئی سوال درپیش ہے اور یا اس کی نظر میں کوئی ابہام پایا جاتا ہے تو اس کے جواب کے سلسلے میں کوئی غلط طریقہ اختیار نہ کرے اور صحیح راستے سے جواب حاصل کرنے کی کوشش کرے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ویانا کا راستہ ایک ایسا راستہ ہے جو طے کیا جا چکا ہے اور سفارتکاری کی ٹرین اپنی پٹری پر چل رہی ہے۔ انھوں نے ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مقابل فریقوں کی خلاف ورزیوں کے باوجود ایران نے مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے اور ایران  نے اپنی تجاویز دو وزرائے خارجہ کے ذریعے امریکہ بھی منتقل کی ہیں اور وقت اورروڈ میپ کا تعین کیا ہے۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران نے سفارتکاری کا راستہ ترک نہیں کیا ہے اور مذاکرات کا عمل پٹری سے نہیں اترا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے بین الاقوامی معاہدے سے یکطرفہ طور پر علیحدہ ہونے کا فیصلہ اور اعلان کیا اور ایران پر مختلف قسم کی سخت ترین پابندیاں نافذ کر کے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تاکہ ایران کو جھکنے پر مجبور کیا جا سکے مگر اسے منھ کی کھانا پڑی اور اپنے مقصد کے حصول میں ناکام رہا اور بری طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ ایران ایک اچھے اور مستحکم سمجھوتے کے لئے آمادہ ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اس راستے کو طے کر کے کہ جس پر چل کر سمجھوتے پر دستخط ہو سکتے ہیں، بین الاقوامی معاہدے میں واپس لوٹے گا۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ امریکہ پابندیاں ختم اور قانون پرعمل کر کے مسئلہ بخوبی حل کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے کے لئے ہونے والے مذاکرات تعطل سے دوچار ہو گئے ہیں۔

انھوں نے اپنے حالیہ دعوے کی تکرار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی ایران میں پائے جانے والے حقائق کے بارے میں وضاحت پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اس ایجنسی نے ایران سے کئے جانے کسی بھی تکنیکی سوال کا جواب دریافت نہیں کیا ہے۔ 

ٹیگس