ایران کے صدرکا ترکمنستان پہنچنے پر شاندار استقبال
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی ترکمنستان پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گيا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، ترکمنستان کیسپین سی کی ساحلی ریاستوں کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج ایک اعلی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ جب ترکمانستان کے دارالحکومت عشق آباد ايئرپورٹ پہنچے تو ترکمنستان کے اعلی حکام نے ان کا والہانہ اور شاندار استقبال کیا ۔
صدر رئیسی اس دورے میں ترکمنستان کے اعلی حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے اور کیسپین سی کے ساحلی ممالک کے چھٹے سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
ترکمنستان روانہ ہونے قبل تہران کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیرہ حزر اس کے ساحلوں پر واقع ملکوں کی اہم میراث ہے جس سے کروڑوں کی آبادی بھرپور استفادہ کرتی ہے۔
صدر مملکت نے ایران اور ترکمنستان کے تیس سال پر محیط اچھے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی، ٹرانزٹ، گیس اور اسی طرح اقتصادی شعبوں میں روابط مزید فروغ پائے ہیں۔
اس سے پہلے چودہ جون کو ترکمنستان کے صدر سردار بردی محمد اف نے ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے ایران کا دورہ کر کے کیسپین سی کے ساحلی ممالک کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ طور پر ایرانی صدر کو دعوت دی۔
اس دورے میں دونوں ممالک نے ثقافتی اور تجارتی شعبوں میں نو معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
کیسپین سی کے ساحلی ممالک کا چھٹا سربراہی اجلاس آج سے ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں پانچ رکن ممالک (ایران، روس، ترکمنستان، قزاقستان اور جمہوری آذربایجان) کے سربراہ شریک ہیں۔