ایران پاکستان اور عمان بحری سلامتی کی مشترکہ کمان کا افتتاح کریں گے: شہرام ایرانی
ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے بتایا ہے کہ ایران، پاکستان اور عمان بحری سیکورٹی کی مشترکہ کمان تشکیل دے رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری فوج کے کمانڈر ان چیف ایڈمیرل شہرام ایرانی نے عالمی یوم جہازرانی کی مناسبت سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ کے تین جنگی جہاز بیک وقت دنیا کے کھلے سمندروں میں جہازرانی کی سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ اس وقت ایران کے پانچ جنگی بیڑے دنیا کے مختلف علاقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے امن پسندانہ مشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ایران، پاکستان اورعمان بحری سیکورٹی کی مشترکہ کمان کا افتتاح کریں گے جو عالمی جہازرانی کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی بحریہ نے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس جہازوں کی مدد سے نہ صرف ایران کے بحری حدود کی سلامتی کو یقینی بنایا ہوا ہے بلکہ مقامی ٹیکنالوجی سے تیار شدہ ان جہازوں کو کھلے سمندروں کی جانب روانہ کرکے عالمی جہازرانی کو محفوظ بنانے میں اہم قدم اٹھایا ہے۔