دشمنی کا علاج استقامت و ثابت قدمی ہے، رہبر انقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے ملک میں حالیہ بلوؤں کو ایرانی عوام کی عظیم پیشرفت و کامیابیوں کے مقابلے میں دشمنوں کی بچگانہ اور مایوسانہ سازش قرار دیا اور فرمایا کہ دشمنیوں کا علاج استقامت و ثابت قدمی ہے ۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ اور نئے اراکین سے اپنے خطاب میں اس نکتے پر تاکید فرماتے ہوئے کہ ایران کے حالیہ واقعات میں دشمن کی مداخلت سب پرعیاں ہے، فرمایا کہ ان بلوؤں میں لوگ خود جوش طریقے سے شامل نہیں ہوئے بلکہ دشمن کے اقدامات منجملہ اس کا پروپیگنڈہ، لوگوں کی ذہنیت کو خراب کرنے اور اکسانے کی دشمن کی کوشش اور حتی پیٹرول بم بنانے کی ٹریننگ جیسے اقدامات پوری طرح سے کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن کے یہ سارے اقدامات ان کی بے بسی اور مایوسی کا نتیجہ ہیں کیونکہ ایران کے عوام نے مختصر سے عرصے میں بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کیں جو عالمی سامراج کی سوچ کے ایک سو اسّی درجے برخلاف تھیں اور اسی لئے دشمن نےچراغ پا ہو کر اس طرح کی منصوبہ بندی کی، پیسے خرچ کئے اور امریکا اور یورپ کے سیاسی افراد بھی میدان میں اترآئے ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ جب تک ایرانی عوام پرچم اسلام کو اپنے ہاتھوں میں بلند کئے ہوئے ہیں اور اسلامی نظام کے ساتھ ہیں اس طرح کی دشمنیاں مختلف شکلوں میں سامنے آتی رہیں گی اور اس کے علاج کا واحد راستہ استقامت و ثابت قدمی ہے ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہمیں حتمی کامیابی کے بارے میں اللہ کے وعدے پر پورا یقین ہے اور ہر حال میں نصرت الہی ہمارے شامل حال ہوگی ۔