حالیہ بلوے دشمن ملکوں کی جاسوسی تنظیموں کی منظم سازش کا نتیجہ تھے
ایران میں رونما ہونے والے حالیہ بلووں اور بعض یورپی ملکوں میں ایران کے سفارتخانوں اور سفارتی مراکز پر حملے ایران کے دشمن ملکوں کی جاسوسی تنظیموں کی منظم سازش کا نتیجہ تھے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے نائب چیرمین عباس مقتدائی نے بتایا ہے کہ انٹیلی جینس رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ اندرون ملک ہنگاموں اور بیرون ملک ایرانی سفارتی مراکز پر حملہ کرنے والوں کو بعض غیر ملکی سیکورٹی اور انٹیلی جینس ایجنسیوں سے ہدایات دی جاری رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اور وزیرانٹیلی جینس کی فراہم کردہ رپورٹوں کے مطابق حالیہ ہنگاموں میں گرفتار ہونے والے بلوائیوں نے بعض مغربی ملکوں، امریکہ اور اسرائیل سے رقم دریافت کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
ایران میں حالیہ ہنگاموں کے دوران، امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کے حکام، ان ملکوں کے ذرائع ابلاغ اور مغرب کے حمایت یافتہ انقلاب دشمن عناصر سے وابستہ فارسی چینل، تحقیقات کے مرحلے سے گزرنے والے ایک غم انگیز واقعے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور انہوں نے ایرانی قوم کے حقوق کی حمایت کے جھوٹے نعرے لگا کر بلوائیوں اور ایرانی عوام کی سلامتی کو درھم برھم کرنے والے عناصر کی حمایت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔