Dec ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: انڈیگو کی دوسو سے زیادہ پروازیں آج بھی منسوخ، مسافروں کی پریشانیوں کا سلسلہ جاری

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی سب سے بڑی پرائیویٹ ایئر لائن انڈیگو کی تقریباً 224 پروازیں آج ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر منسوخ کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کی پریشانیاں ابھی دور نہیں ہوئی ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع کے مطابق دہلی ہوائی اڈے پر انڈیگو کی 134 پروازیں منسوخ کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے اور ممبئی ہوئی اڈے نے 32 پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دہلی ایئر پورٹ اتھارٹی نے مسافروں کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرکے بتایا ہے کہ دہلی سے اب زیادہ تر پروازیں صحیح وقت پر جا رہی ہیں۔

خبروں کے مطابق دہلی ایئرپورٹ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘پر پوسٹ کے ذریعہ دعویٰ کیا ہے کہ "دہلی ایئرپورٹ کا کام آسانی سے چل رہا ہے حالانکہ کچھ پروازیں منسوخ یا دوبارہ شیڈول کی جا سکتی ہیں۔ ہماری گراؤنڈ ٹیم مسافروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔ ہم مسافروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں اپ ڈیٹس کے لیے ایئر لائنس چیک کرتے رہیں۔"

 

واضح رہے کہ اتوار کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے انڈیگو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر(سی ای او) اور مینیجر کو پروازوں میں آنے والی مشکلات سے متعلق جاری کئے گئے وجہ بتاؤ نوٹس‘ کا جواب دینے کے لیے مزید وقت دیا ہے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ دونوں کو اپنے جواب جمع کرانے کے لیے پیر کی شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے لگاتار انڈیگو کی آپریشنل خدمات میں بڑے پیمانے پر رکاوٹوں کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس