Oct ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  •  تہران،  آیورا کے رکن ممالک کو اپنی صلاحیتیں اور تجربات پیش کرنے کے لئے تیار

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے بحر ہند کے اطراف کے ممالک کی تنظیم کے سیکریٹری جنرل سلمان الفارسی سے ملاقات کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: پیر کے روز ہونے والی اس ملاقات میں صدر ایران نے کہا کہ تہران، انڈین اوشن رم ایسوسیئیشن، آیورا کے رکن ممالک کو اپنی صلاحیتیں اور تجربات پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ علاقائی تنظیموں اور اداروں کے ساتھ تعاون ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر ایرانی خواتین کی صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد، خواتین کو سائنسی، ثقافتی اور طبی شعبوں سمیت سماج کے ہر شعبے میں ترقی کا موقع ملا اور ان خواتین نے بہت بڑی کامیابیاں بھی حاصل کیں جو کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کی موجودگی کے لئے ایک مثال ہے۔

اس موقع پر آیورا کے سربراہ سلمان الفارسی نے بھی اس تنظیم کے ویمن امپاورمنٹ کے شعبے میں ایران کے موثر کردار کی قدردانی کی۔ انہوں نے کہا ایران نے اس ایسوسیئیشن کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی موثر اقدامات انجام دئے ہیں۔

واضح رہے کہ بحر ہند کے اطراف کے ممالک کی تنظیم، آیورا میں ایران، جنوبی افریقہ، ہندوستان، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ سمیت تئیس ممالک شامل ہیں۔ چین، جاپان، مصر، برطانیہ اور امریکہ بھی اس بین الاقوامی تنظیم کے مبصر ممالک میں شامل ہیں۔

 

ٹیگس