ایران کے اندرونی مسائل پر امریکہ کی طرف سے بازی لگانا ان کے پچھتاوے کا باعث
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی یقینا اس بات کو جانتے ہوں گے کہ اسلامی جمہوریہ ایران موجودہ حالات سے گذر چکا ہے اور انھوں نے اگر ایران کے اندرونی حالات کے بارے میں کوئی بازی لگائی ہے تو وہ غلطی پر ہیں۔
سحر نیوز/ ایران:ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکی بدستور دوہرا معیار اختیار کئے ہوئے ہیں ان کا دعوی ہے کہ ایک جانب وہ ایران کے اندرونی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن دوسری جانب ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے ایران میں بلوائیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کو سمجھ لینا چاہئے کہ ایران کے خلاف دھونس دھمکی یا اسے مرعوب کر کے وہ کوئی رعایت حاصل نہیں کر سکتا۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے کا پابند ہے اس شرط پر کہ امریکہ بھی ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کرے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی یونین کی ایران مخالف پابندیوں کے بارے میں بھی کہا کہ ایران کے انتباہات کے باوجود یورپی یونین نے غیر تعمیری قدم اٹھایا جبکہ اسے ایران کے جوابی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انھوں نے ایران اور روس کے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی قوموں کے مفادات کی بنیاد پر یہ تعلقات قانونی دائرے میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔
ناصر کنعانی نے کریمیا میں ایرانی فوجی موجودگی اور روس کو ایرانی ڈرون طیاروں کی سپلائی کے بارے میں امریکی ترجمان وزارت خارجہ کے دعوے کے بارے میں کہا کہ یہ دعوی، جنگ یوکرین میں امریکی تباہ کن کردار سے توجہ ہٹانے کے لئے ایک تشہیراتی ہتھکنڈہ ہے جس کا ایک اور مقصد اس جنگ میں فریق بننے کے علاوہ یوکرین کو مختلف قسم کے بھاری ہتھیاروں کی برآمد کرنے کا جواز پیش کرنا ہے۔