یونیورسٹی میں بلوے ایران کی شاندار سائنسی ترقی کو روکنے کے لئے
دشمن، سائنس کے مختلف شعبوں میں ایران کی ترقی کو روکنے کے لئے، ملک کے تعلیمی مراکز کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنا اور ان مراکز کا چین اور سکون چھیننا چاہتا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اس بات کی جانب صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے جمعے کے روز ایران بھر کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران اشارہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کورونا پر قابو پانے اور ویکسینیشن کے لئے طبی عملہ اور میڈیکل یونیورسٹیوں کی کامیابی، ایران کے ہر شہری کو فراہم طبی بیمہ، اور میڈیکل وسائل اور ادویات کی معیاری پیداوار اور برآمدات کو اس شعبے کے ماہرین اور کارکنوں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ طب اور صحت عامہ کے شعبے میں ہونے والی ایران کی بڑی کامیابیاں ملک کی ترقی کی ایک اہم وجہ ہیں کہ جس کا دشمن بھی اعتراف کرنے پر مجبور ہوا ہے ۔ انہوں نے طبی شعبے میں ایران کی حیران کن پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک بیماریوں کی روک تھام اور علاج، دونوں شعبوں میں کامیاب اور خودکفیل ہو، وہ یقینا ایک ترقی یافتہ اور باصلاحیت ملک ہے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے زور دیکر کہا کہ اسی ترقی اور صلاحیت نے دشمن کو بے بس بنا دیا ہے اور اسے روکنے کے لئے وہ یونیورسٹیوں کو سائنسی ترقی کے مرکز اور ذمہ دار ماہرین کی تربیت کے راستے سے ہٹا کر اسے شورش اور بلوے کے مرکز میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔