شیراز دہشتگردانہ حملے کے مزید عناصر اور ان کے سہولت کار گرفتار
ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے شیراز میں حضرت شاہ چراغ کے حرم مطہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بارے میں مزید تفصیلات بتائی ہیں۔
ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے اعلان کیا ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں شیراز کے مجرمانہ اور دہشت گردانہ حملے میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی وزارت انٹیلیجنس کے اہلکاروں نے ایران کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کے لئے ملک کی سرحدوں میں داخل ہونے والے دیگر تمام عناصر کو بھی گرفتار کر لیا ہے جن کی تعداد چھبیس ہے جن میں غیرملکی منجملہ جمہوریہ آذربائیجان، تاجیکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے عناصر شامل ہیں۔
ان دہشت گردوں کو ایران کے مختلف صوبوں منجملہ فارس، تہران، البرز، کرمان، قم اور خراسان رضوی سے گرفتار کیا گیا۔
ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے حضرت شاہ چراغ کے دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں سے انتقام لئے جانے پر زوردیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک تکفیری دہشتگرد نے شیراز میں حضرت شاہ چراغ کے روضے کے اندر زائرین اور نمازیوں پر اچانک فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پندرہ افراد شہید اور تیس دیگر زخمی ہوئے تھے۔