ایران کی میزائلی توانائی پر تاکید
ایران کے باور تین سو تہتّر ایئرڈیفنس سسٹم کی رینج، چار سو کلومیٹر تک بڑھایا جا رہا ہے۔
ایران کی فوج کی فضائی دفاعی یونٹ کے کمانڈر جنرل علی رضا صباحی فرد نے کہا ہے کہ باور تین سو تہتّر ایئرڈیفنس سسٹم کی رینج بڑھانے کی تیاری ہورہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یہ میزائیل سسٹم، ڈیڑھ سو کلومیٹر کی دوری پر واقع اہداف کو نشانہ بنا سکتا تھا جسے بڑھا کر تین سو کلومیٹر کردیا گیا اور حالیہ ٹیسٹ میں تین سو پانچ کلومیٹر کی دوری پر واقع ٹارگٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
جنرل صباحی فرد نے کہا کہ ہماری دفاعی صنعت کے ماہرین کی سائنسی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اس ایئرڈیفنس سسٹم کی رینج کو بڑھا کر چار سو کلومیٹر کردیا جائے۔
ایران کی فضائی دفاعی یونٹ کے کمانڈر انچیف نے باور تین سو تہتّر سسٹم کو ایک جامع دفاعی ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں ہونے والے تجربے میں اس سسٹم کے ذریعے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی نشانہ بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔