ایرانی قوم کے خلاف دشمن کی ایک اور سازش ناکام ہو گئی
ایران کے وزیر خارجہ نے گذشتہ آٹھ ہفتے کے دوران ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمنوں کی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کی یہ سازش بھی شکست سے دوچار ہو گئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ اور مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر دشمنوں نے ایرانی عوام کے احساسات سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک میں دہشت گردی، خانہ جنگی اور سرانجام ایران کی تقسیم کی سازش تیار کی تھی جو شکست سے دوچار ہو گئی۔
انھوں نے کہا کہ جب تک ایران کے خلاف پڑوسی ملکوں کی جانب سے خطرہ موجود رہے گا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ایران کی مسلح افواج ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لئے اپنے دفاعی اقدامات انجام دیتی رہیں گی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے غیر قانونی و ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے لئے مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ مغرب کے موجودہ نادرست رویے کے باوجود حالیہ ہفتوں کے دوران یورپی یونین اور بعض ملکوں کی وساطت سے امریکی فریق کے ساتھ پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں مذاکرات کا عمل ایران کے ایجنڈے میں شامل رہا ہے۔