Nov ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • تہران  نے کی انسانی حقوق کونسل کی ایران مخالف قرارداد کی مذمت

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ایران کے خلاف منظور کردہ قرارداد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی محرکات کا حامل قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ تہران چند مغربی ملکوں کے ایران مخالف اقدام کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی منظور کردہ قرارداد کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو صرف چند ملکوں کے مختصر مدت مفادات کی خاطر ایک بار پھر غلط استعمال کیا گیا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران میں مہسا امینی کی موت پر ایک بار پھر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہسا امینی کی موت کے سلسلے میں تمام ایرانی حکام نے ایران کے بنیادی آئین اور دینی تعلیمات کی بنیاد پر انسانی حقوق اور انسانیت کے پہلو کو پیش نظر رکھا ہے اور اس ناخوشگوار واقعے کے سلسلے میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تشدد پسندانہ رویہ اختیار کئے جانے اور صورت حال سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے بغاوت کرنے کی کوشش نیز حالیہ دو مہینوں کے دوران منظم سازش کے تحت ایران کے داخلی امور میں بیرونی مداخلت اور اسی طرح بعض افراد اور گروہوں کو مسلح کئے جانے جیسے دہشت گردانہ اقدام کے باوجود نہایت بردباری اور مکمل صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے ملک میں امن و امان کا تحفظ کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ اس کوشش کے دوران ایران کے دسیوں سیکورٹی اہلکاروں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا اور درجنوں دیگر امن محافظ سیکورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے صراحت کے ساتھ اعلان کیا کہ جرمنی اور انسانی حقوق کونسل کے خصوصی اجلاس میں ایران مخالف مخالف قرارداد کے بانی ممالک نے سیاسی محرکات کے حامل اقدام کی انجام دہی میں تاریخی غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔

اس بیان میں اسی طرح کہا گیا ہے کہ جرمنی اور اور اس کے اقدام کی حمایت میں قدم اٹھانے والے بعض مغربی ملکوں ںے غلط اندازوں کی بنیاد پر اور ایران مخالف ذرائع ابلاغ کے جھوٹے پروپیگنڈے کے زیر اثر قرارداد پیش کرنے میں اسٹریٹیجک غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ واضح ہو جائے گا کہ ان ممالک کی سیاسی کوتاہ فکری اور تنگ نظری خود ان کے نقصان میں منتج ہو گی۔

ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ جنیوا میں ایران کے خلاف جو قرارداد پاس کی گئی ہے وہ، بین الاقوامی اداروں میں چند مغربی ملکوں کی جانب سے ایران مخالف مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے نادرست اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائے جانے والے اقدام کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے جمعرات کو ایران میں انسانی حقوق کی اپنی مد نظر خلاف ورزی کی بنیاد پر ایک قرارداد منظور کی۔

یہ قرارداد پچیس موافق ووٹوں اور چھے مخالف ووٹوں کے ساتھ منظور کی گئی ہے جبکہ پندرہ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنے جنیوا اجلاس میں ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کی مذمت کرتے ہوئے ایران میں بلوہ کرنے والے عناصر کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ بیشتر مغربی ملکوں میں انسانی حقوق کے مسئلے میں دوہرا معیار اختیار کیا جاتا ہے اور اسی بنا پر بعض ممالک اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر بھی دوغلی پالیسی اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔ 

ٹیگس