دوحہ سے واپسی پر ایرانی ٹیم کا شاندار استقبال
دوحہ سے تہران واپس پہنچنے پر ایران کی قومی فٹبال ٹیم کا زبردست استقبال کیا گیا ۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی قومی فٹبال بدھ کی رات دوحہ سے تہران کے امام خمینی انٹر نیشنل ائیرپورٹ پہنچی تو اس کے حامیوں اور طرفداروں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی ۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم اپنے آخری گروپ میچ میں امریکا سے شکست کے نتیجے میں اگلے مرحلے میں نہ جاسکی اور بدھ کی رات تہران واپس آگئی ۔
تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ پر اس کے طرفداروں کی بڑی تعداد نے اس کی حمایت میں نعرے لگائے ۔
تہران ایئر پورٹ پر اپنی قومی فٹبال ٹیم کے استقبال کےلئے موجود لوگوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹیم کی قدردانی کے الفاظ درج تھے ۔ بعض پلے کارڈوں پر قومی فٹبال کے کھلاڑیوں کے لئے سرباز وطن یعنی وطن کے سپاہی جیسے القاب لکھے ہوئے تھے۔
ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے ایک کھلاڑی سردار آزمون نے تہران واپس پہنچنے پر کہا کہ ہم کامیابی کے نزدیک تھے لیکن ہمارے حریف کی کارکردگی ہم سے بہتر تھی ۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کارلوس کیروش قومی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے باقی رہیں گے۔
ایران کے کھیل کے وزیر حمید سجادی نے بھی قومی ٹیم کے کوچ کارلوس کیروش کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں ایشیا کپ کی تیاری کرنی چاہئے۔