تہران دباؤ اور دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ تہران دباؤ اور دھمکیوں کے سائے میں ہرگز مذاکرات نہیں کرے گا۔
سحر نیوز/ ایران: ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ تہران دباؤ اور دھمکیوں کے ماحول میں مذاکرات کے لیے تیار نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف پوری طرح واضح اور ہم ایک منطقی سمجھوتے کے خواہاں ہیں۔
ایران کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی رویہ واضح کر رہا ہے کہ واشنگٹن کی توجہ مذاکرات کے بجائے کسی اور جانب مرکوز ہے۔
ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کے رکن یورپی ملکوں اور خاص طور سے امریکہ کی باتوں اور اقدامات میں کھلا تضاد پایا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا جبکہ امریکہ نے اس کی خلاف ورزی کی اور یورپی ملکوں نے بھی ایران سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران اب بھی مذاکراتی عمل کا پابند ہے۔