Dec ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • کرسمس اور نئے سال کے موقع پر صدر ایران کا تہنیتی پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پوپ فرانسس کے نام تہنیتی پیغام میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو ولادت باسعادت حضرت عیسی علیہ السلام اور نئے سال 2023 کی مبارک باد پیش کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: پوپ فرانسس کے نام صدر ایران کے تہنیتی پیغام میں آیا ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام کا یوم ولادت دنیا میں انسان دوستی کے فروغ اور مستضعفین کی فتح کی بشارت دینے والے کی یاد دہانی کرانے کا بہترین موقع ہے۔

صدر ایران نے اپنے تہنیتی پیغام میں حضرت عیسی علیہ السلام کو تسلط پسند طاقتوں کے ظلم و ستم کے خلاف استقامت کا مظہر اور انسانیت کے روشن مستقبل کی نوید دینے والا عظیم پیغمبر قرار دیا۔

سید ابراہیم رئیسی نے اپنے پیغام میں سورہ مریم میں حضرت عیسی علیہ السلام کے بلند مقام و منزلت کی جانب اشارہ اور قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ  آزادی، نجات دہندہ کی بشارت اور انسانیت کی نجات اور امید کا اظہار نئے سال میں حضرت عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام سمیت انبیاء کرام علیہم السلام کی انمول تعلیمات پر بھروسہ کرنے اور الہامی اقدار کی راہ میں استقامت سے انسانی خوشیوں کا آغاز ہو گا اور قوموں کے درمیان عدل و انصاف اور مہر و محبت میں اضافہ ہو گا۔

واضح رہے کہ 25 دسمبر کو دنیا بھر کے عیسائی، حضرت عیسی علیہ السلام کا یوم ولادت اور کرسمس مناتے ہیں۔

حضرت عیسی علیہ السلام، اللہ تعالی کے برگزیدہ نبیوں میں سے ایک ہیں اور قرآن کریم میں بارہا ان کا ذکر انتہائی احترام کے ساتھ آیا ہے اور انہیں صاحب شریعت پیغمبر قرار دیا گیا ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کو کرسمس اور نئے عیسوی سال کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس