Jan ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۰۳ Asia/Tehran
  •  ایران کی خلائی صنعت کی ترقی و پیشرفت پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے زمین کے مدار میں مقامی سیٹلائٹ کی تعیناتی کو ایرانی سائنسدانوں کا شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صلاحیت اور توانائی، میڈیا سمیت مختلف میدانوں میں دشمن کی پابندیوں کو بے اثر بنا دے گی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سپریم اسپیس کونسل کے اجلاس میں خلائی صنعت کو ملک کو طاقتور بنانے والی صنعتوں میں سے ایک قرار دیا۔ 
انہوں نے مقامی ماہرین کی توانائیوں اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خلائی صنعت کے قومی اہداف کی جلد از جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا
صدر رئیسی نے خلائی صنعت کو ملک کے لیے ایک عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میدان میں کام کرنے والوں کی سائنسی اور تحقیقی ضروریات کو پورا کرنا چاہیے، کیونکہ اس شعبے میں سرمایہ لگانا دنیا میں ایک منافع بخش اقتصادی اور تجارتی سرمایہ کاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ملک کی خلائی صنعت کے دس سالہ وژن کی تیاری کے لیے انجام پانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے خلائی میدان میں پائی جانے والی استعدادی صلاحیتوں کو ایک دوسرے سے منسلک اور ہم آہنگ کرکے خلائی صنعت کی ترقی اور فروغ کا راستہ ہموار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ 
انہوں نے خلائی صنعت میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو پابندیوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کو تنہا کرنے کی کوششوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے سیٹلائٹ لانچ کرنے کی ٹیکنالوجی حاصل کی ہے کہا کہ یہ کوشش پوری قوت کے ساتھ جاری رہنی چاہئیے۔ 
انہوں نے کہا کہ خلائی صنعت میں پیشرفت اور زمین کے مدار میں مقامی سیٹلائٹوں کی تنصیب کے ذریعے دشمن کی دھمکیوں، پابندیوں نیز ایران مخالف ٹیلی ویژن چینلوں اور سیٹلائٹ چینلوں کے زہریلے پروپیگنڈے کو بے اثر کیا جاسکتا ہے۔ 

ٹیگس