ایران کے ایک سینیئر رکن پارلیمنٹ نے یورپ کو خبردار کیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک سینیئر رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی پر پابندی کی قیمت یورپی ممالک کو چکانی پڑے گی۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی میں تہران کے نمائندے نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ یورپی یونین کی جانب سے آئی آر جی سی پر پابندیاں، ایرانی عوام سے ہونے والی شکستوں کی وجہ سے ہیں، کہا کہ یورپی ممالک کو جان لینا چاہیے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پر پابندی کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
پارلیمنٹ میں تہران کے نمائندے اسماعیل کوثری نے فارس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے یورپی یونین کی طرف سے پاسداران انقلاب اسلامی پر پابندی لگانے اور اس انقلابی ادارے کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالنے کی کوشش کا حوالہ دیا اور کہا کہ یورپی ممالک کو پاسداران انقلاب اسلامی کی طرف سے بہت سی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئی آر جی سی پر پابندی، ان کی ناکامیوں پر غصے کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کو معلوم ہونا چاہیے کہ آئی آر جی سی پر پابندیاں عائد کرنا انہیں بہت مہنگا پڑے گا اور انہیں اس سلسلے میں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی آر جی سی ایک واضح اور شفاف ادارہ ہے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پر پابندی عائد کرنے کے بجائے یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ ایم کیو ایم جیسے گروہوں کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرے جن کا نہ کوئی مخصوص ملک ہے اور نہ ہی کوئی ادارہ ہے۔