Nov ۲۵, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۰ Asia/Tehran
  • 416 دن میں غزہ میں 1 لاکھ 49 ہزار کے قریب شہید اور زخمی

فلسطین کے محکمہ صحت نے غزہ پر 416 دن سے جاری جارحیت میں 1 لاکھ 48 ہزار 873 بے گناہ فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

ارنا نے پیر کو العربی ٹی وی چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کے محکمہ صحت نے، غزہ پر غاصب صیہونی جارحیت کے چار سولہویں دن ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے گزشتہ 24 گھنٹے میں غزہ پر دوبار حملے کئے۔ فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں کے ان حملوں میں چوبیس فلسطین شہید اور 235 زخمی ہوگئے۔

غزہ ميں فلسطین کے محکمہ صحت نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں  شہید اور زخمی ہونے والوں کو ملاکر سات اکتوبر 2023 سے اب تک صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 44 ہزار 235 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 638 ہوچکی ہے۔

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے گزشتہ جمعرات کو صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو اور سابق وزیر جنگ یواو گالانت کی گرفتاری کا حکم صادر کردیا ہے۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نتن یاہو اوریواو گالانت کی گرفتاری کا حکم ، غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم نیز بھوک سے اسلحے کے طور پر کام لینے کے جرم پر صادر کیا ہے۔

 

ٹیگس